سعودی عرب حرمین شریفین میں ماہ رمضان المبارک کے دوران عازمین و زائرین کی تعداد ایام حج سے بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے، جس کی تیاری کے لئے نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ مشعل بن عبدالعزیز کی سربراہی میں مرکزی حج کمیٹی نے عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے خیرمقدم کے حوالے سے تیاریوں سے آگاہ کیا۔
سعودی عرب میں عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو یکم ذی القعدہ سے قبل عمرہ زائرین کی واپسی کے شیڈول پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رمضان سیزن میں مکہ میونسپلٹی کی تیاریوں کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریف کیا گیا، اس میں ماحولیاتی صفائی کی خدمات کے علاوہ دیکھ بھال کے منصوبے شامل ہیں۔
مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں کے علاوہ مرکزی علاقے کے اطراف ٹرانسپورٹ اسٹیشنوں پر بیرونی پارکنگ کے علاوہ عمرہ زائرین کے خیرمقدم کے لیے مسجدالجعرانہ اور مسجد عائشہ کے اطراف کے علاقوں کو بھی تیار کیا گیا ہے۔
ان تیاریوں کے علاوہ ڈسٹ بین، چوبیس گھنٹے کام کرنے والے 1500 سے زائد صفائی کارکنان کی فراہمی، 1500 میٹر طویل شہزادہ محمد بن سلمان واکنگ ٹریک کے فٹ پاتھ کی بحالی شامل ہے۔
عازمین حج کیلئے مزید چار پیکیجز کا اعلان
مسجد الحرام جنرل پریذیڈنسی نے رمضان آپریشنل پلان سے آگاہ کیا جس میں صفائی ستھرائی، افطار، قالین، ویل چیئر، خوشبویات کا استعمال،ِ ماحولیاتی تحفظ، ترجمہ، رہنمائی، مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں زمزم کی فراہمی، اعتکاف اور دیگر امور شامل ہیں۔
کمیٹی کی جانب سے سعودی ہلال احمر اتھارٹی کی رمضان تیاریوں کا جائزہ بھی لیا، جس میں کہا گیا کہ 99 ایمبولینیں سینٹرز اور 75 ایمبولینسز موجود ہیں۔ اجلاس میں عمرہ زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔