اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا آزادی کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ تمام ہم وطنوں کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے اس موقع پر بانیان پاکستان، کارکنان تحریک پاکستان کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کیلئے مشکلات، ظلم کا سامنا کرنیوالوں کی داستانیں مشعل راہ ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں خودشناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، موجودہ ترقی کی سطح، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پرغور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کے وژن کے مطابق خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے عزم کی تجدید کاوقت ہے، ہم وطنوں سے گزارش ہے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ جمہوریت، آزادی، مساوات اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں، مقبوضہ کشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی اقدامات نے وادی میں انسانی حقوق صورتحال کومزیدخراب کیا، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔