صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوان صدر میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی تقریب ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے فخر پاکستان ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کیا۔
اس پروقار تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا، بیورو کریٹس اور ارشد ندیم کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ رواں 8 اگست کو فخر پاکستان ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو کر کے نہ صرف اولمپک کی تاریخ کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا تھا بلکہ انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں انفرادی سطح پر پہلا گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔
ارشد ندیم نے اس گولڈ میڈل سے قبل پاکستان نے آخری بار 1992 اولمپکس میں برانز میڈل ہاکی میں حاصل کیا تھا۔
ارشد ندیم کے اس قابل فخر کارنامے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے چرچے ہیں اور مملک بھر میں ان کی پذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جیولن ہیرو کو ہلال امتیاز دینے کی سفارش کی تھی جس کی صدر مملکت آصف زرداری نے گزشتہ دنوں منظوری دی تھی۔