مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت آئینی ترامیم کے ذریعے کشمیر کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات پر پاکستانی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، بھارتی عمل سے بھارت نواز کشمیری قیادت کو مایوسی ہوئی ہے۔
صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ بھارت کشمیر کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون سے باز رہے، قوم اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں: صدر آزاد کشمیر کا یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار
واضح رہے کہ چند روز قبل صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی تشویشناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
مسعود خان نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل سفارتکاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام کی تیاری ہورہی ہے، عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو کلسٹر بموں کے استعمال سے روکے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لوگوں کے حوصلے بلند ہیں، انہوں نے یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔