اسرائیل حماس تنازع پر امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے احمق نہ بنائیں۔
ایران میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خطرات منڈلانے لگے ہیں اور اسرائیل، حماس کا تنازع بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ ایسے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو شٹ اپ کال دے دی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل حماس کے ساتھ یرغمالیوں کیلیے جنگ بندی کے معاہدے پرمذاکرات آگے بڑھا رہا ہے، جلد ہی دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کیلیے وفد بھیجے گا۔
نیتن یاہو کی اس بات پر امریکی صدر جوبائیڈن برس پڑے اور اسرائیلی وزیراعظم کو شٹ اپ کال دیدی۔
جو بائیڈن نے نیتن یاہو سے فون پر بات کرتے ہوئے سخت لہجے میں کہا کہ مجھےاحمق نہ بنائیں اور نہ ہی میری بے قدری کریں۔
امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو تنبیہہ کی کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی سمیت جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات کریں اور انہیں فار گرانٹڈ نہ لیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی اسرائیلی وزیراعظم ہاؤس سے بیان جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم امریکا کی سیاست میں مداخلت نہیں کرتے اور وہ امریکا سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسرائیلی سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔