جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئیں، ویمنز ٹیم کو صدر مملک کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سرزمین پر پہلی بار کرکٹ کھیلنے کے لیے جنوبی افریقی ویمن ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہیں انھیں صدارتی پروٹوکول میں کراچی ایئرپورٹ سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ جنوبی افریقی خواتین کرکٹرز کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے صدر مملکت کا پروٹوکول دیا جارہا ہے، ایس ایس یو کمانڈوز، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی بھاری نفری ان کی حفاظت کے لیے تعینات ہے۔
کراچی ائیرپورٹ سے خواتین کرکٹرز کو ہوٹل تک پہنچانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور حفاظتی حصار بنایا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان کے پہلے دورے پر 23 رکنی افریقی اسکواڈ دبئی کے راستے کراچی پہنچا، جہاں ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا جبکہ پلیئرز کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے، اسکواڈ میں پلیئرز اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مینجمنٹ کے ارکان بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں یکم سے 5 ستمبر تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے 7 بجے شیڈول ہیں جب کہ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے جائیں گے جو کہ آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ کپتان لورا وولوارڈٹ کے علاوہ نادین ڈی کلرک اور ماریزان کیپ 29 اگست کو پاکستان آئی گی۔