اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے آج صدر بین الپارلیمانی یونین گیبریلا کیوس بیرن نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کے لیے کشمیر تنازع کا حل ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیوس بیرن کے درمیان ملاقات میں وزیر اعظم نے انھیں کرونا وبا کے باعث صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی توجہ لوگوں کی زندگیاں بچانے اور معیشیت کی بحالی تھا، پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے ملک میں وبا کے سلسلے میں بہتری آئی۔
وزیر اعظم نے صدر بین الپارلیمانی یونین گیبریلا بیرن کی خدمات کو سراہا کہا اور کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی میں گیبریلا بیرن کا کردار اہم ہے۔
پاکستان میں پرجوش استقبال پر شکر گزار ہوں: صدر بین الپارلیمانی یونین
ملاقات کے سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ تنازعات کا حل بین الپارلیمانی یونین کی ترجیح ہے، تو ملاقات میں وزیر اعظم نے دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات کے حل پر زور دیا، اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کے لیے کشمیر تنازع کا حل ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے گیبریلا کیوس بیرن کو افغانستان کے سیاسی حل کے لیے پاکستانی کاوشوں اور افغان امن عمل میں پاکستانی مثبت کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
بین الپارلیمانی یونین کی صدر سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔