اسلام آباد: مشریقی افریقی ملک جبوتی کی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حمید نے وفد کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق مشریقی افریقی ملک جبوتی کی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حمید نے کمانڈر جبوتی بحریہ اور وفد کے دیگر اراکین کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر نے امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات بھی کی، جبکہ کمانڈر جبوتی بحریہ نے بھی سربراہ پاک بحریہ سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر جبوتی بحریہ کو دی جانے والی بریفنگ میں علاقاٸی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
ترجمان کے مطابق جبوتی کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔