اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افواج کے جوانوں اور افسران کیلیے فوجی اعزازت کا اعلان کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے 764 جوانوں اور افسران کیلیے فوجی اعزازات ہیں، 2 افسران اور جوانوں کو ستارہ بسالت جبکہ 227 کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، 82 افسران اور جو انوں کو امتیاز اسناد اور 185 کیلیے آرمی چیف تہنیتی کارڈ دیے گئے۔
اسی طرح، 23 کیلیے ہلال امتیاز، 122 کیلیے ستارہ امتیاز اور 133 کیلیے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید اور سپاہی سبحان مجید بلو چ کیلیے ستارہ بسالت جبکہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید اور لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر شہید کیلیے تمغہ بسالت کا اعلان کیا گیا۔
قبل ازیں، یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آزادی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملی ہے اور اس آزادی کا تحفظ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کیلیے پوری قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی قربانی دینے کیلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا دیا ہوا نصب العین ہے جس سے ماضی میں ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور ہم نے تمام بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں اپنے ناپاک عزائم کے حصول کیلیے کوشاں ہیں، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج متحد ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، ففتھ جنریشن وار فیئر ایک چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے، ہم مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ایک باحوصلہ قوم ہیں اور چیلنجز سے نہیں جھکیں گے، ہمیں قو م کی توانائی اور صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور ہم مشکلات سے کبھی نہیں گھبراتے۔