اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے اپریل کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 462 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے لیے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1067.39 روپے مقرر کی گئی ہے، مارچ کے لیے 11.8 کلو گھریلو سلنڈر کی قیمت 153.17 روپے تھی۔
مزید پڑھیں: سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے
واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے تحت سندھ میں تمام پیٹرول پمپس شام 5 بجے بند کردئیے جاتے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کہ پیٹرول پمپس کو بھی مقررہ اوقات کے بعد بند کرایا جائے گا، پابندی کا اطلاق سندھ کے تمام شہروں پر ہوگا۔