اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمرن خان نے ترقی پذیر ممالک کو ہنگامی بنیادوں پر قرض کے معاملے پر ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کروناوائرس نے عالمی معیشت پر گہرا اثر ڈالا ہے، ترقی پذیر ممالک جن پر قرض کا بوجھ ہے ان کو مسائل کا شدید سامنا ہے، ان ممالک کے افراد کو وبا کے باعث موت اور بھوک کا بھی سامنا ہے۔
آئی ایم ایف نے 25 کرونا متاثرہ ممالک کے لیے قرضوں میں ریلیف کا اعلان کر دیا
ادھر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے 25 ممالک کے لیے قرضوں میں ریلیف کا اعلان کیا ہے، اس ریلیف کا فیصلہ کو وِڈ نائنٹین کی وبا سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث کیا گیا ہے۔
جن ممالک کے لیے قرضوں میں ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے ان میں افغانستان، برکینافاسو، سینٹرل افریقن ریپبلک، چاڈ، کوموروس، کانگو، گیمبیا، لائبیریا، مڈغاسکر، موزمبیق، جزائر سلیمان، تاجکستان، یمن، نیپال اور ہیٹی بھی شامل ہیں۔ ان ریلیف ممالک میں تقریباً تمام افریقی ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔