وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی جس میں بزنس ٹو بزنس تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئےنئی راہیں تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں برطانوی وفد کی قیادت زبیر عیسیٰ نے کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وفد کو پاکستان کی سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جب کہ برطانوی کاروباری شخصیات نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف اور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے کاروباری ،تاجربرادری کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں سےحالیہ دنوں میں معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی، معیشت میں بہتری کیساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔