جمعرات, جولائی 4, 2024
اشتہار

دکی سب جیل سے 3 خطرناک قیدی فرار، پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

دکی: بلوچستان کے شہر دکی کی سب جیل سے 3 خطرناک قیدی فرار ہو گئے، غفلت برتنے پر 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دکی سب جیل سے فرار 3 خطرناک قیدی 26 گھنٹے گزرنے کے باوجود دوبارہ گرفتار نہ ہو سکے، غفلت پر 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق پولیس تھانہ دکی میں قائم سب جیل سے ڈکیتی کے دو مختلف مقدمات میں قید 3 قیدی کبیر خان، محمد صدیق اور عصمت اللہ واش روم کا روشن دان توڑ کر پیچھے چھلانگ لگا کر فرار ہوئے تھے۔

- Advertisement -

پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کیا، لیکن سرتوڑ کوششوں کے بعد بھی 26 گھنٹے گزرنے کے باوجود فرار قیدی ہاتھ نہ آ سکے۔ ایس ایچ او کی مدعیت میں فرار 3 قیدیوں اور غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں حوالدار گل غنی، جیل وارڈن گل خان اور گیٹ سنتری اسماعیل مری کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس پی دکی نے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جو اس بات تعین کرے گی کہ آیا قیدیوں کو فرار کرایا گیا ہے یا غفلت کے باعث وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ یاد رہے کہ دو قیدیوں نے چمالنگ میں 38 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی، اور دکی فرار ہوئے تھے، تاہم دکی پولیس نے مسروقہ رقم سمیت انھیں گرفتار کر لیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ، سیشن کورٹ اور ہائیکورٹ بلوچستان نے ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں