واشنگٹن : پی آئی اے کی پہلی خصوصی امریکامیں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر واشنگٹن سے روانہ ہوگئی ، پرواز آج شام اسلام آباد ایر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکامیں پھنسےپاکستانیوں کی وطن واپسی کاسلسلہ شروع ہوگیا، پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز واشنگٹن سے روانہ ہوگئی ، خصوصی پرواز واشنگٹن سے 200 مسافروں کو لیکر اسلام آبادپہنچے گی۔
پرواز پاکستانی وقت کے مطابق علی الصبح 4 بج کر 11 منٹ پر روانہ ہوئی اور تقریبا 13 گھنٹے میں براہ راست پاکستان پہنچے گی، پرواز آج شام 5 بجے اسلام آباد ایر پورٹ پر لینڈ کر ے گی۔
ایک اورخصوصی پروازامریکاسے150طلباکولیکرکل روانہ ہوگی، پہلےمرحلے میں2خصوصی پروازوں سے350پاکستانی وطن واپس آئیں گے، پی آئی اے امریکاسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 6 خصوصی پروازیں چلائے گی ، جس کے تحت ایک خصوصی پرواز واشنگٹن سے کراچی کیلئے 13مئی کوروانہ ہوگی۔
امریکا میں پاکستانی سفیر انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے، پاکستانی سفیراسدمجیدخان کاواپس آنیوالوں کیلئےنیک تمناؤں کااظہار کرتے ہوئے کہا امریکا سے ہم وطنوں کی واپسی حکومت،سفارتخانےکی اولین ترجیح ہے اور دیگرپاکستانیوں کی واپسی کیلئے مزید فلائٹس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کےخواہش مند پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں، سفارتخانہ،قونصل خانوں میں ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے، ہیلپ لائن آپریشن مکمل ہونے تک کام کرتی رہے گی۔
خیال رہے پی آئی اے نے امریکا سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی اجازت لی تھی، سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا تھا کہ آخری پاکستانی کے وطن واپس آنے تک پی آئی اے کا پوری دنیا سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔