اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات نے خوشخبری سنا دی، دسمبر 2019 کے بعد جنوری 2020 میں بھی ملکی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ملکی پیداوار پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دسمبر 2019 کے مقابلے میں جنوری 2020 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 7 فیصد بڑھی، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 3.37 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پہلے 7 ماہ فوڈ بیورج، تمباکو، کھاد، پیپر اینڈ بورڈ اور چمڑے کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ سال گزشتہ کی نسبت جولائی تا جنوری آٹو سیکٹر، فارما، اسٹیل اور الیکٹرانکس کی پیداوار میں کمی ہوئی۔
یاد رہے کہ دسمبر 2019 میں بھی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور جنوری میں ہونے والا اضافہ اس سے بھی زیادہ تھا۔
ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں خوراک اور مشروبات سیکٹر، ٹیکسٹائل سیکٹر، پیپر اینڈ بورڈ، چمڑے کی صنعت، فارما سیکٹر اور الیکٹرونکس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری طرف آٹو سیکٹر، انجینئرنگ پروڈکٹس، آئرن اینڈ اسٹیل کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی تھی۔