اسلام آباد: پروگرام پاور پلے نے وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے نام بینک چیکس کی معلومات حاصل کرلیں۔ معلومات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سالانہ اوسطاً پونے 12 کروڑ روپے مریم صفدر کو دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں پاناما لیکس سے متعلق انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔
پروگرام پاور پلے میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والد کے زیر کفالت نہیں تاہم ان کے والد نواز شریف انہیں لگ بھگ 1 کروڑ روپے ماہانہ دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 4 سال میں 16 چیکوں کے ذریعے 47 کروڑ 30 لاکھ روپے وزیر اعظم کے اکاؤنٹ سے مریم نواز کو ملے۔ پاناما الزمات کی زد میں گھرے وزیر اعظم انکشافات سے قبل اور بعد میں باقاعدگی سے صاحبزادی کو رقم دیتے رہے۔
اس سے قبل سال 2014 میں ساڑھے 9 کروڑ روپے بذریعہ چیک مریم صفدر کو ملے۔
وزیر اعظم کا بیٹی سے محبت کا والہانہ اظہار سال 2015 میں بھی نظر آیا۔ وزیر اعظم نے مریم صفدر کے نام 27 کروڑ 20 لاکھ روپے کے چیک کاٹے۔
پاناما انکشافات کے سال، سنہ 2016 میں نواز شریف نے مجموعی طور پر 8 کروڑ 70 لاکھ روپے دیے۔
اسی طرح سال 2017 میں اب تک نواز شریف 1 کروڑ 90 لاکھ کے چیک مریم کے نام لکھ چکے ہیں۔