کراچی: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے سے ملک کے مختلف شہروں میں دیئے گئے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، تاہم گزشتہ رات نمائش پر دھرنا ختم ہوتے وقت پولیس اہلکاروں پر مشتعل افرادکے حملے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مشتعل افراد نے ڈنڈوں کے وار سے پولیس افسر اور اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث سب انسپکٹر ثاقب، کانسٹیبل جنید تشدد سے زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کوطبی امدادکے بعد سول اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر مشتعل افراد نے پولیس موبائل پر بھی پتھراؤ کیا تھا جس کے نتیجے میں موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈی ایس پی شبیر جب نمائش پہنچے تو مقامی پولیس موجود نہیں تھی، پولیس افسر جیسے ہی موبائل آگے لے کر بڑھے تو پتھراؤ شروع ہوگیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے کراچی میں دھرنے ختم، سڑکوں پر ٹریفک بحال
پولیس کے مطابق مقامی پولیس ہوتی تو بتاتی کہ اس جگہ سے آگے جانے پر حملہ ہوسکتا ہے، ڈی ایس پی کو موقع سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔