پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ترقی پذیر ممالک کو معاشی سہولت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی سہولت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بنگلہ دیشی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزرائے خارجہ نے کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے عالمی چیلنج سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان میں مقیم بنگلا دیشی شہریوں کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو معاشی پابندیوں کے باعث وبا سے نمٹنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، درخواست کی ہے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی سہولت کی فراہمی اس وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کی طرف سے معاملےکو جی 77 فورم پر اٹھانےکی تجویز سے بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے سارک کو انتہائی اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے، پاکستان ’’سارک وزرائے صحت‘‘ ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا متمنی ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی وزیرخارجہ نے سارک وزرائے صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد پرآمادگی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں