کراچی: وزیر مذہبی امور سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیہون درگاہ کی بجلی کے بل وقت پر ادا کیے گئے تاہم درگاہ کو اضافی بل بھیجے جاتے رہے، خواجہ آصف اپنے محکمے کے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں۔
یہ بات انہوں نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی بجلی منقطع ہونے پر وزارت پانی وبجلی کے وضاحتی بیان کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، سیہون درگاہ کی بجلی کے بل وقت پر ادا کیے گئے لیکن درگاہ شریف کو اضافی بجلی بل بھیجے جاتے رہے، خواجہ آصف اپنے محکمے کے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں۔
یہ پڑھیں: سانحہ سہون کے ذمہ دار ہم نہیں، سیکیورٹی نامکمل تھی، وزارت پانی و بجلی
انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی جو بولتے رہتے ہیں اس ڈگر پر افسران کو بھی لگا دیا ہے اب وہ بھی دوسروں پر الزام تراشیاں کررہے ہیں، ہم سیہون درگاہ دھماکے میں سیکیورٹی معاملات میں کوتاہی تسلیم کرتے ہیں، ایکشن لیتے ہوئے درگاہ پر تعینات اوقاف کا عملہ اور ایس پی تبدیل کردیا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا،چوہدری نثار اول روز سے ہی قومی ایکشن پلان کے خلاف تھے، وزیراعظم نواز شریف کو تجویز دیتے ہیں کہ وہ نثار کو داخلہ کے بجائے وزارت خارجہ امور دے دیں، ان سے داخلہ کا کام نہیں ہوتا شاید وزارت خارجہ سنبھال سکیں
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی کنگز کھیلے گی تو لاہور ضرور جاؤں گا۔