کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن اورسنیٹرنسرین جلیل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو ستائیس ملیر کے الیکشن میں دھاندلی کےالزامات عائد کر دیئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نجمی عالم نے دھاندلی کی تردید کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملیر میں ضمنی انتخابات کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔
سینیٹر نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اسکا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگ گھبرائے نہیں، دودھ کا دودوھ پانی کا پانی ہوجائے گا ، حقیقی کے کارکنان علاقے میں شر پھیلارہے ہیں ایک دہشت کی فضا قائم کی گئی ہے، کارکنان کو مارا پیٹا گیا اور یہاں موجود کیمپس اکھاڑدیے گئے، عوام سےدرخواست کرتی ہوں کہ وہ ووٹ دینے ضرور آئیں۔
انکا کہنا تھا کہ لوگوں کو کیمپ میں ہونا چاہیے لیکن وہ فٹ پاتھ پر ہیں، ہمارے لوگ فٹ پاتھ پر بیٹھ کر پرچیاں بنانے پر مجبور ہیں، رینجرز کی موجودگی میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں : پی ایس 127کراچی پرضمنی الیکشن، متحدہ اور حقیقی میں تصادم، صورتحال کشیدہ
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہار کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ متحدہ کو اپنے اعمال کی وجہ سے شکست نظر آرہی ہے، ایم کیوایم کو جس الیکشن کی عادت ہے آج وہ نہیں ہورہا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان نے بھی پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی الیکشن میں حقیقی کی غنڈہ گردی، فائرنگ، پولنگ کیمپس اکھاڑنے، کارکنان اور ووٹروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔