لسبن: پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) نے تاریخ رقم کردی، چیمپئنز لیگ سیمی فائنل میں لائپ زگ کو تین صفر سے شکست دے کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنالی۔
حریف ٹیم میچ میں ایک گول بھی نہ کر پائی۔ مرکینیوس نے ہیڈر پر شاندار گول اسکور کرکے کھاتا کھولا جب کہ ڈی ماریہ اور برنیٹ نے ایک ایک گول کرکے پی ایس جی کو فتح دلوائی۔
پیرس سینٹ جرمن کے اہم کھلاڑی نیمار پر خطرے کی تلوار لٹکنے لگی ہے، سیمی فائنل میں فتح کا جشن منانے پر انہوں نے اپنی جرسی اتاری اور اس منفی رویے اور حرکت پر ان کے خلاف کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
پیرس سینٹ جرمن کے پہلی بار چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچنے پر شاندار جشن منایا گیا۔ پی ایس جی کے فینز نے پورے فرانس میں تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔ مداحوں نے آتش بازی کی، جھنڈے لہرائے اور ٹیم کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
دوسرے سیمی فائنل میں لیون اور بائرن میونخ کا مقابلہ ہوگا۔