پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم 50 کیچز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے میں کامیاب ہوگئے۔
بابراعظم نے یہ اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران حاصل کیا۔ انہوں نے بہترین فیلڈنگ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو فائدہ پہنچایا بلکہ انہیں پی ایس ایل کی تاریخ میں منفرد مقام بھی حاصل ہوگیا۔
کیرون پولارڈ 42 کیچز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ افتخار احمد اور محمد نواز 40، 40 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ شاداب خان اور فخر زمان اب تک لیگ میں 39، 39 کیچز لے چکے ہیں۔
پشاور زلمی کے کپتان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی انفرادی کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ پی ایس ایل میں مسلسل عمدہ فیلڈنگ کی اہمیت کو بھی واضح کرتی ہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے اسپنر خوشدل شاہ نے بابرکو آؤٹ کرنے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لیفٹ آرم اسپنر پر پھنسے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز کراچی کنگز کے لیفٹ آرم اسپنر خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ بابر لیفٹ آرم اسپنر پر تھوڑا سا پھنستے ہیں، میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ انھیں جتنا ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرسکوں کروں۔
خوشدل شاہ 9 اننگز میں پاکستان کے ٹاپ کلاس بلے باز کنگ بابر کو 3 بار آؤٹ کرچکے ہیں، بابر کیخلاف کامیابی ملنے اور انھیں آؤٹ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں بابر کے ساتھ پاکستان ٹیم میں بھی کھیل چکا ہوں اور وہاں بھی انھیں بولنگ کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ بابر کی وکٹ حاصل کی جائے کیوں کہ ان کی وکٹ کافی اہم وکٹ ہے، وہ گزشتہ میچ میں اچھی اننگز کھیل رہے تھے۔