پی ایس ایل 10 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں پلے آف میں کون سی چار ٹیمیں جائیں گی پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتحال ہے۔
پاکستان سپر لیگ 10 کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے خلاف کامیابی نے پلے آف مرحلے میں رسائی کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر بھی صورتحال نے مداحوں کو تذبذب میں مبتلا کر دیا ہے۔
پی ایس ایل میں لگاتار چار فائنل کھیلنے اور ایک بار ٹرافی جیتنے والی ملتان سلطانز دسویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے سے باہر ہوچکی ہے تاہم بقیہ پانچ ٹیموں کے چانسز اب تک برقرار ہیں۔ گزشتہ روز کراچی کنگز کی لاہور کے خلاف جیت نے سنسنی پھیلا دی اور پشاور زلمی کیلیے پلے آف میں جانے کی امید جگا دی ہے۔
اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈیئٹرز، کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں بہتر پوزیشن پر موجود ہیں۔
تینوں ٹیموں نے 8، آٹھ میچز کھیل کر پانچ پانچ فتوحات حاصل کر رکھی ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر کوئٹہ، اسلام آباد اور کراچی بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم 9 میچوں میں چار فتوحات اور ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث 9 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ تاہم اس کا صرف ایک ہی میچ پشاور زلمی سے باقی ہے اور پلے آف تک رسائی کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
پشاور زلمی سات میچز کھیل کر تین فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے تاہم اس ٹیم کے ابھی تین میچز باقی ہیں اور اگر یہ تینوں میچز جیت لیتی ہے تو پھر پلے آف میں رسائی یقینی ہوگی۔ دو فتوحات بھی اس کو اگلے مرحلے تک پہنچا سکتی ہیں تاہم اس کے لیے پشاور کو لاہور قلندرز کو لازمی شکست دینا ہوگی۔
کراچی کنگز کی پوزیشن محفوظ ہے، لیکن پہلے مرحلے کا اختتام ٹاپ ٹو پر کرنے کے لیے اس کو اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ہوں گے جبکہ کوئٹہ کو ٹاپ پر رہنے کے لیے اگلے دو میں سے ایک میچ جیتنا لازمی ہوگا۔