پی ایس ایل 10 میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی کپتانی کرنے والے سعود شکیل نے پاکستان سپر لیگ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان سپر لیگ 10 میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ہے اور وہ فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم کے کپتان سعود شکیل نے پی ایس ایل کے ایک سیزن مں مسلسل فتوحات کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
گزشتہ روز پی ایس ایل کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
یہ بطور کپتان رواں سیزن میں سعود شکیل کی مسلسل ساتویں کامیابی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل کے کسی ایک سیزن میں اپنی ٹیم کو مسلسل سب سے زیادہ میچز جتوانے والے کپتان بن گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ مصباح الحق اور محمد رضوان کے پاس مشترکہ طور پر تھا۔
مصباح الحق نے 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرت ہوئے مسلسل 6 فتوحات حاصل کی تھیں اور 2022 میں محمد رضوان نے ملتان سلطانز کو لگاتار 6 میچز جتوائے تھے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا فائنل 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈیئٹرز کل دوسرے کوالیفائر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔