پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے 20 میں سے 13 کھلاڑی فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز ٹیم کے ڈائریکٹر حیدر اظہر نے کہا کہ ٹیم کے لئے 2 دن کافی ٹف رہے، کراچی کنگز کے 13 کھلاڑی فوڈ پوائزننگ سے بیمار ہوگئے ہیں۔
ٹیم ڈائریکٹر حیدر اظہر نے کہا کہ کل کے میچ میں ہم وننگ ٹیم کھلانا چاہتے تھے، کھلاڑیوں کی طبعیت ایسی نہیں تھی کہ وہ کھیل سکیں، ایک دو کھلاڑیوں کو ڈرپ بھی لگے ہیں، کوچنگ اسٹاف بھی متاثر ہے۔
ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود کراچی کنگز آج کا میچ بھی کھیلے گی، کراچی کنگز کی ٹیم فیلڈ میں ضرور اترے گی ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہوجائیں، کراچی کنگز کی ٹیم اپنے شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ کراچی کی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابقب شام 7 بجے شروع ہوگا۔
جبکہ گزشتہ روز کے پی ایس ایل 9 کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 166 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔