پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں افتتاحی تقریب کیسی ہوگی، کون گائے گا آفیشل سانگ، شائقین کے لیے اس سلسلے میں کئی سرپرائزز رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے 20 جنوری تک اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری ہوگا کہ پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب کیسی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 پہلا ایڈیشن ہوگا جس میں نت نئی چیزیں متعارف کرائی جائیں گی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ شائقین کو سرپرائز دینا چاہتے ہیں۔
افتتاحی تقریب کووِڈ پروٹوکولز کے تحت منعقد کی جائے گی، اور تقریب میں اضافی اخراجات بھی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم پی ایس ایل کے لیے فینز انگیجمنٹ پر پی سی بی کی تمام تر توجہ مرکوز ہے۔
اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اطراف فیسٹیول جیسا ماحول بنایا جائے گا، اور فینز پارک میں بچوں کے لیے جھولے اور بڑوں کے لیے سہولیات میسر ہوں گی۔
پی ایس ایل7: آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پی ایس ایل سیزن 7 کے ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع کر دی گئی ہے، پی سی بی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں کے اعلان کے بعد بک می ڈاٹ پی کے نامی ویب سائٹ پر یہ ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں، شائقین کرکٹ کی جانب سے آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔