اشتہار

آج کراچی کے شیر اور ملتان کے سلطان ٹکرائیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے گیارہویں میچ میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا باہمی مقابلوں میں کراچی کنگز کا ریکارڈ بہتر ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور آج ایونٹ میں گیارھویں میچ میں ایونٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کی ٹیمیں ملتان میں ٹکرائیں گی۔

یہ کراچی کا رواں پی ایس ایل میں پہلا ہوم اوے میچ جب کہ ملتان سلطانز کے خلاف بھی پہلا ٹاکرا ہے۔ میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے کپتانوں عماد وسیم اور محمد رضوان نے حکمت عملی بنا لی ہے۔ کھلاڑیوں نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں سے تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

- Advertisement -

اگر کراچی کنگز نے گزشتہ میچ جیت کر شکستوں کا جمود توڑا اور کامیابی سے ناطہ جوڑا ہے۔ دفاعی چیمپئن کو با آسانی ڈھیر کرنے کے بعد شیروں کے حوصلے بلند ہیں اور اب ان کی نظریں ملتان کے سلطانز کو ان کے گھر میں دبوچنے پر لگی ہیں۔ تجربہ کار اسپنر عمران طاہر کہتے ہیں کہ جیت سے ٹیم میں نئی جان پڑ گئی ہے۔

تو دوسری جانب ملتان سلطانز کی پی ایس ایل کے رواں سیزن میں فارم بھی بے مثال ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر فتوحات کی ہیٹ ٹرک سے ان کے حوصلے بلند اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔

پی ایس ایل میں اب تک دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں پر نظر ڈالی جائے تو اس میں کراچی کنگز کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 9 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے کنگز نے 5 میچوں میں فتح اپنے نام کی ہے۔

آج ملتان میں سجے گا مقابلے کا میدان تو ہوگا دونوں ٹیموں کا بڑا امتحان۔ ایونٹ کا یہ بڑا میچ شام 6 بجے شروع ہوگا۔ تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں