لاہور: نگراں پنجاب حکومت سے سیکیورٹی کی مد میں رقم کے معاملات طے نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل میچز کے لیے متبادل پلان تیار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت 45 کروڑ کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹی تو تفصیلات ہفتے کو جاری ہوں گی جبکہ پی سی بی کا وفد عثمان واہلہ کی قیادت میں آج کراچی روانہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے اتوار اور پیر کو شیڈول میچز لاہور میں ہی ہوں گے جبکہ بقیہ تمام میچز لاہور سے کراچی منتقل کردیے جائیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول کچھ میچز بھی کراچی منتقل ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز نے سیکورٹی کے لیے حکومت پنجاب کو 45 کروڑ روپے دینے سے انکار کر دیا تھا۔
یہ پڑھیں: پی ایس ایل میچز: حکومت پنجاب کو 45 کروڑ روپے دینے سے انکار
پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کرناضلعی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے سندھ حکومت نے سکیورٹی کے اخراجات خود برداشت کئے ہیں۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ دونوں شہروں کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میچز کرانے کیلیے 50 کروڑ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ضلعی حکومت نے میچز کرانے کیلیے 50 کروڑ روپے کے بل بھیج دیے ہیں۔ یہ بل لائٹنگ، کھانے اور سیکیورٹی کی مد میں بھیجے گئے ہیں۔ کراچی میں میچز کرانے کیلئے یہ اخراجات ادا کرنے نہیں پڑتے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے سیکیورٹی فورسز کھانے پینے کی مد میں مذکورہ اضلاع کو 5 کروڑ کی ادائیگی کر دی ہے جب کہ سندھ حکومت نے سیکیورٹی فورسز کے کھانے کی مد میں صرف تین کروڑ لئے ہیں۔ پی سی بی یہ اخراجات بچانے کے لیے میچز کراچی منتقل کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی نے پاکستان سپر لیگ کے 11 میچوں کی میزبانی کرنی ہے جب کہ لاہور ایونٹ کے فائنل سمیت مجموعی طور پر 9 میچز کا میزبان ہے۔