ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں آج وقفے کا دن ہے کسی ٹیم کا کوئی بھی ٹاکرا نہ ہونے کے باعث کھلاڑی آج آرام کریں گے۔
پاکستان میں کرکٹ کے سب سے مقبول ایونٹ پی ایس ایل 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ 13 فروری سے شروع ہونے والے اس ایونٹ کے پہلے مرحلے کے 30 میچز میں سے 16 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں شائقین کرکٹ کو کئی اعصاب شکن مقابلے بھی دیکھنے کو ملے۔
گیند اور بلے کی جاری اس جنگ میں آگے مزید سنسنی خیز میچز ہونے ہیں تاہم آج وقفہ ہے اور کھلاڑی یہ دن آرام کرتے اور اپنے اگلے میچز کی منصوبہ بندی کرتے گزاریں گے۔
ایک روز کے وقفے کے بعد کل پی ایس ایل 8 اپنی پوری آب وتاب سے شروع ہوگا جب کراچی کنگز اور پشاور زلمی پنڈی اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے میچز کا جائزہ لیا جائے تو پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور سرفہرست قلندرز کا نام جگمگا رہا ہے۔
لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں 5 میچز کھیل کر 4 میں فتح حاصل کی ہے اور 8 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ ملتان سلطانز نے بھی چار میچز جیت کر 8 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں تاہم اس نے اپنے کوٹے کے 6 میچز کھیلے ہیں جس کے باعث وہ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل کر تین میں فاتح اور دو میں ناکام رہی ہے اور 6 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کراچی کنگز کا پوائنٹس ٹیبل پر نمبر چوتھا ہے جس نے اب تک چھ میچز میں سے دو میں جیت اپنے نام کی ہے اور 4 پوائنٹس لے رکھے ہیں۔
پشاور زلمی نے 5 میچز کھیلے ہیں۔ تین میں کامیابی اور دو میں شکست ہوئی۔ اس کے بھی 4 پوائنٹس ہیں تاہم کم رن ریٹ کے باعث یہ پانچویں نمبر پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ٹی 20 میچ میں 2 انتہائی دلچسپ عالمی ریکارڈ بن گئے!
رواں پی ایس ایل میں اب تک سب سے کمزور ٹیم کوئٹہ گلیڈیئٹرز نظر آ رہی ہے جو پوائنٹس ٹیبل پر بھی سب سے آخری نمبر پر ہے۔ اس نے 5 مقابلوں میں صرف ایک میں جیت حاصل کی ہے۔