کھیل کے ہر بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل معرکے سے قبل کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ ہوتا ہے پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کا منفرد فوٹو شوٹ ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کی مقبول ترین لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا شاندار سفر آج فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا۔
فائنل میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان ٹرافی اٹھانے کی خواہش لیے میدان میں اتریں گے اس لیے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔
فیصلہ کن میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں محمد رضوان اور شاداب خان نے پی ایس ایل 9 کی چمچماتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرایا لیکن کچھ منفرد انداز میں۔
فائنل میچ کراچی میں ہو رہا ہے کہ کراچی کی ایک بڑی پہچان W-11 بس ہے جو شہریوں کو نصف دہائی سے زائد عرصے سے سفر کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ یہ بس اپنی خوبصورت سجاوٹ کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی مشہور ہے۔
اس منفرد فوٹو شوٹ کے لیے انتخاب کیا گیا کراچی پورٹ ٹرسٹ کی خوبصورت عمارت کا جہاں مشہور W-11 بس کے ساتھ محمد رضوان اور شاداب خان نے پی ایس ایل کی چمچاتی ٹرافی ساتھ فوٹو شوٹ کرایا۔ دونوں کپتانوں نے بس کے باہر اور اندر بیٹھ کر تصاویر بنوائیں۔
پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کا یہ منفرد فوٹو شوٹ وائرل ہوگیا اور سب کے من کو بھا گیا جس پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔
ملتان یا اسلام آباد، کون بنے گا پی ایس ایل 9 کا چیمپئن، فیصلہ آج ہوگا
پی ایس ایل فائنل میچ رات 9 بجے پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔