چیف ایگزیکٹو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سلمان نصیر نے فرنچائزز سے رابطہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل سلمان نصیر نے فرنچائزز سے رابطہ کرکے کھلاڑیوں کے مقامات کا پتا کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے نئے شیڈول کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کی ٹیموں سے رپورٹ ملنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ اس کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، میچز کی منسوخی کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہماری خوشی کا ذریعہ ہے مگر ملک کی خود مختاری اولین ترجیح ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ذہنی سکون اور ان کے اہلِ خانہ کے خدشات کا احترام کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں پی سی بی نے تمام شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں اور اسپانسرز کی کوششوں کو سراہا ہے۔