ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور اور پنڈی میں میچز کے حوالے سے تنازع پر پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور اور پنڈی میں ہونے والی میچز پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی مد میں بھاری رقم طلب کیے جانے کے بعد ان شہروں میں میچز کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس رابطے میں دونوں نے کے درمیان پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو پی ایس ایل کے لاہور اور راولپنڈی میچز کے سیکیورٹی ایشو پر پنجاب حکومت اور پی سی بی کے معاملے سے آگاہ کیا۔
ذرائع نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے شہباز شریف کو سیکیورٹی کی مد میں پیسے نہ دینے کا کہا اور یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل ایک قومی ایونٹ ہے اور اس کا انعقاد قومی ذمے داری ہے۔ اگر پنجاب حکومت پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئی تو ہم میچز کراچی کرانے پر مجبور ہوں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لاہور اور پنڈی کے میچز یہ ایک مشکل فیصلہ ہوگا لیکن بورڈ کو مجبوری میں یہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور اور پنڈی میں پی ایس ایل میچز سے متعلق اہم خبر آگئی
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے نجم سیٹھی کی تمام گزارشات غور سے سنیں اور یہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔