لاہور: چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل5 میں کورونا سے20کروڑ روپے تک کا نقصان ہوا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی ای او وسیم خان نے بتایا کہ کورونا وائرس سے 20 کروڑ روپے تک کا نقصان ہوا ہے اور پی سی بی کوہونے والےنقصان میں گیٹ منی کانقصان بھی شامل ہے۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش سیریز ملتوی ہونے سے 30سے 40 لاکھ ڈالر نقصان ہوا جب کہ نقصان کے مکمل اعداد و شمار 2 ہفتوں میں سامنےآجائیں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو فیصلہ کن بنانے کےلئے تجاویز زیر غور ہیں، بقیہ میچز نومبر یا سیزن 6 سے ایک ہفتہ قبل کرانے پر غور کر رہے ہیں اور حتمی فیصلے کے لیے تمام فرنچائزز سے جلد ویڈیو کانفرنس کریں گے۔
وسیم خان نے شرجیل خان سے متعلق رائے کا اظہار کرنے پر کہنا تھا کہ محمدحفیظ صحیح یاغلط پر رائے دینے کی بجائے اپنےکھیل پرتوجہ دیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنلز اور فائنل کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے، ایونٹ کے سیمی فائنلز 17 اور فائنل 18 مارچ کو شیڈول تھا۔