پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اہم کھلاڑی کی خدمات سے محروم ہوگئی۔
آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے وہ لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
کیری آسٹریلیا میں اپنے ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستگیوں کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدائی طور پر کیری کو جنوبی افریقی بلے باز راسی وین ڈیر ڈوسن کے جزوی متبادل کے طور پر منتخب کیا تھا۔ تاہم ٹیم انتظامیہ کے مطابق وین ڈیر ڈوسن کی جلد ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔
PSL 10- پی ایس ایل کی تمام خبریں
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کا پہلا میچ آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمنیٹر اور فائنل بھی شامل ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 13 مئی کو ہونے والا پہلا کوالیفائر بھی شامل ہیں جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پانچ، پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت جاری رکھیں گے، جب کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کے ساتھ نئے کپتان ہوں گے۔