لاہور: پی ایس ایل کے 24ویں میچ میں آج پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا، اہم میچ سے قبل دونوں ٹیموں کو نئی پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بڑے مقابلے سے قبل دونوں ٹیمیں اہم کھلاڑیوں سے محروم ہو گئیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج بلے باز ایلکس ہیلز پی ایس ایل چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں، ان کی جگہ ناصر نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور نوجوان فاسٹ بولر ذیشان ضمیر انجری کے باعث کے آج ان ایکشن نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور زلمی کا ٹاکرا
شاداب خان کی عدم موجودگی میں مڈل آرڈر بلے باز محمد آصف ٹیم کے کپتان ہونگے، اگلے میچز میں شاداب خان کی ٹیم میں واپسی کا فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے پیسر ثاقب محمود بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کےلیے انگلینڈ روانہ ہوگئے، ثاقب محمود ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئےانگلینڈ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک چار چار میچ جیت چکی، بہتر رن ریٹ کے باعث یونائیٹڈ کی تیسری اور زلمی کی چوتھی پوزیشن ہے، اہم مقابلے میں جیتنے والی ٹیم کے لیے پلے آف تک رسائی آسان ہوجائے گی۔