اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی ایس ایل 7 کے میچز میں 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے پی ایس ایل شائقین کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی، سو فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی اسٹیڈیم جا سکیں گے۔
این سی او سی کے مطابق اگر کرونا کیسز بڑھے تو جنوری کے تیسرے ہفتے میں اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی، اس سلسلے میں این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ افراد کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم آ سکیں گے، تاہم اسٹیڈیم آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
شائقین میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے؟ وسیم اکرم شائقین کرکٹ سے افسردہ
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے میکنزم تیار کرے گا، اور میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری بھی پی سی بی پر ہوگی۔
پی ایس ایل کے براڈکاسٹ رائٹس کی فروخت پر وضاحت
کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی کرکٹ بورڈ اٹھائے گا، نیز اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔
یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے خالی تھا، جس پر اعلیٰ سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا، دیگر وجوہ کے ساتھ ساتھ ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر شائقین کو اسٹیڈیم کے دروازے سے واپس جانا پڑا تھا۔