لاہور: اسٹار کھلاڑیوں کی انجریز کے باعث مشکلات کا شکار کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے مد مقابل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق انجریز، کرونا اور بدلتے کامبی نیشن نے سیزن سیون میں کراچی کنگز کیلئے مشکلات کھڑی کردیں، پی ایس ایل سیزن سیون میں چار فاسٹ بولرز کے باہر ہونے کا مخالف ٹیموں نے بھرپور فائدہ اٹھایا جس کے باعث کراچی کنگز تاحال فتح سے محروم ہے۔
کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھولنے کے لئے بے قرار ہے، فتح کا عزم لئے بابر الیون آج شاداب کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی، ہیڈ ٹوہیڈ مقابلوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو برتری حاصل ہے۔
دونوں ٹیموں کےدرمیان اب تک سترہ میچ کھیلے گئے،گیارہ اسلام آباد نےجیتے جبکہ چھ کراچی کنگز کے نام رہے، اسلام آباد نے نو میچز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیتے۔
یہ بھی پڑھیں: قلندرز نے باآسانی گلیڈی ایٹرز کو دبوچ لیا
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیلے جانے والا میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے 6، 6 پوائنٹس ہیں جبکہ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے یہ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔