کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف ٹرمپ ٹیرف نے امریکی معیشت کو ہلاکر رکھ دیا اور امریکی اسٹاک مارکیٹیں5سال کی کم ترین سطح پرپہنچ گئیں۔
دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ بیس ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروبار کے دوران 1858 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 796 پوائنٹس پر بھی دیکھا تاہم کریکشن کے بعد 731 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار 670 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے سرمایہ کاروں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پربھی مثبت ردعمل دیا ہے، جس کا اثرمارکیٹ میں نظرآرہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ بیس ہزار کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعظم نے کہا سٹاک ایکسچینج میں کاروبارکی مثبت سمت حکومتی پالیسی پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، بجلی نرخوں میں بڑی کمی سے گھریلوصارفین کوریلیف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی نرخوں میں کمی کاروباری برادری اورصنعتوں کیلیے بھی خوش آئندہے، معاشی اشاریوں اورکاروباری ماحول میں بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں سے ممکن ہوئی، کاروباراورسرمایہ کاری کےمثبت ماحول کیلیےترجیحی بنیادوں پرتمام سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔