کراچی / اسلام آباد: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چار روز سے جاری تیزی کا خاتمہ ہوگیا اور آج 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کے دوران 844 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں جاری تیزی عارضی ثابت ہوئی اور کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی منگل کو ٹریڈنگ کے دوران مندی کی بڑی لہر دیکھی گئی۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 750 سے زائد پوائنٹس کم ہوئے جس کی وجہ سے شیئر مارکیٹ 43 ہزار کی حد برقرار نہ رکھ سکی۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل تیزی کےبعدمارکیٹ میں مندی متوقع تھی، بینکنگ سیکٹر میں فروخت کا دباوٴ مارکیٹ میں مندی کی ایک وجہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چار روز میں 100 انڈیکس میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
ٹریڈنگ کے دوران 13 ارب 70 کروڑ مالیت کے 27 کروڑ 45 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا، مجموعی طور پر 348 کمپنیوں کے شیئرز کی لین دین ہوئی جن میں سے 79 کے شیئرز کی قیمتوں میں تیزی جبکہ 255 کے ریٹ کم ہوئے علاوہ ازیں 15 کے حصص کی قیمت مستحکم رہیں۔