اسلام آباد / کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 84 پوائنٹس اضافے کے بعد 42 ہزار 9 سو 95 پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا تو سرمایہ کاروں نے حصص کی لین دین میں دلچسپی ظاہر کی اور انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آئی۔
پہلے سیشن میں 100 انڈیکس نے 43 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کی تاہم مارکیٹ بند ہونے سے قبل یک دم مارکیٹ میں لین دین کم ہوا جس کےباعث مارکیٹ 42 ہزار 6 سو 6 پوائنٹس تک پہنچی تاہم دوسرے سیشن میں ایک بار پھر تیزی ہوئی جو مارکیٹ اختتام تک جاری رہی اور 10 انڈیکس 84 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 42 ہزار 9 سو 94 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مزید پڑھیں: نوازشریف کے ہٹنے کے اگلے روز اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی
مجموعی طور پر 6 ارب 80 لاکھ روپے کا کاروبار اور 342 کمپنیوں کے 144.8 لاکھ شیئرز کی لین دین ہوئی، 153 کے حصص میں اضافہ جبکہ 164 کی قیمتیں کم ہوئی اور 25 کمپنیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص کی لین دین میں دلچپسی ظاہر کی اور خاص طور پر کیمیکل سیکٹر میں نمایاں کاروبار دیکھنے میں آیا۔
مارکیٹ سمری
ٹریڈنگ بورڈ پر آخری ایک گھنٹے میں مجموعی طور پر 62 لاکھ شیئرز کی لین دین دیکھنے میں آئی جس کے باعث مارکیٹ اضافے کے بعد بند ہوئی۔