بدھ, ستمبر 18, 2024
اشتہار

پی ٹی اے نے ’ایکس‘ کی بندش کے نوٹیفکیشن پر یوٹرن لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے نوٹیفکیشن پر یوٹرن لے لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی اے نے عدالت سے حکم نامہ واپس لینے یا ترمیم کی استدعا کردی، ڈپٹی ڈائریکٹر لا پی ٹی اے علی اکبر، وکیل احسن امام نے حلف نامے جمع کروادیے۔

واضح رہے کہ 12 ستمبر کو پی ٹی اے وکیل نے بیان دیا تھا کہ ایکس پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاچکا ہے۔

- Advertisement -

تاہم اب ڈپٹی ڈائریکٹر لا نے مؤقف اپنایا کہ وزارت داخلہ نے بندش سے متعلق نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا، ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن تاحال موجود ہے۔

علی اکبر نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی واپسی سے متعلق 12 ستمبر کا بیان غلط فہمی پر جاری ہوا تھا، اسی بینچ کے روبرو ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے، کیس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غلطی سے دونوں کیسز مل گئے اور اس کیس میں نوٹیفکیشن واپس لینے کا بیان جاری ہوا، مذکورہ بیان حقائق کے برخلاف ہے اس کے نتائج بہت اہم ہوسکتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کے کئی مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے مقرر ہوتے ہیں، مقدمات کے دباؤ کے باعث غیر ارادی طور پر غلطی ہوئی۔

علاوہ ازیں پی ٹی اے نے عدالت سے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا بھی کردی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں