اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل )نے کرونا کے خلاف ریلیف اینڈ سپورٹ پیکیج کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی سی ایل نے کرونا کے خلاف 1.9 ارب روپے ریلیف اینڈ سپورٹ پیکیج کا اعلان کردیا، پیکیج کا مقصد مواصلاتی رابطے برقرار کھنا اور کمزور طبقے کی مدد کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل کی جانب سے ملک کے 25 شہروں میں امدادی سامان فراہم کیا جائے گا، پی ٹی سی ایل این ڈی ایم اے کو پی پی ای فراہم کرے گی۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ کرونا سے متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی بیڈز بھی فراہم کیے جائیں گے، پیکیج کا بڑا حصہ صارفین کو رعایتی اور مفت سروسز کی فراہمی پر صرف ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 3ارب روپے سے زائد رقم جمع
رپورٹ کے مطابق پی ٹی سی اور یو فون کے اسٹاف نے اپنی تنخواہ کا کچھ حصہ بھی کرونا ریلیف فنڈ میں دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈمیں رقم3ارب تک پہنچ گئی،ماشااللہ ! اب تک ریلیف فنڈ میں 3 ارب 22 کروڑ روپے جمع ہوئے، اس عظیم مقصد کیلئے آپ کی سخاوت اور جذبے کو سلام۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کرونا سے لڑ نے کے لیے ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان کیا تھا، جب کہ صوبوں کی سطح پر بھی الگ الگ ریلیف فنڈز قائم کیے گئے ہیں، جس میں مخیر حضرات سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی تھی۔