اشتہار

عوام آج کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی نے آج عوام سے انتخابی نتائج کے حوالے سے احتجاج کی اپیل کی ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں الیکشن 2024 کے نتائج میں دھاندلی کے الزامات پر بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کیا جائے گا، انھوں نے اپیل کی ہے کہ عوام ووٹ کی حرمت کے لیے پُرامن صدائے احتجاج بلند کریں۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر عہدے سے مستعفی ہوں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید جواز نہیں رہا، کیوں کہ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہو رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر سب آوازیں اٹھا رہے ہیں۔

- Advertisement -

دریں اثنا تحریک انصاف نے احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو درخواست دی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

اسلام آباد پولیس نے رینجرز کی اضافی نفری طلب کر لی ہے، ادھر شیر افضل مروت نے پیشکش کی ہے کہ آج اسلام آباد میں احتجاج کی قیادت وہ کریں گے، جس کو سیلفیاں بنوانی ہیں آ جائے، اگر انتظامیہ نے ہم پر تشدد کیا تو وہیں دھرنا دے دیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ اقتدار میں آ کر فتح مکہ ماڈل پر جائیں گے، کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کہتے ہیں کہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی بولے ملک کو آگے لے جانے کے لیے درگزر کی طرف جانا ہوگا، اقتدار میں آ کر ملک کو سیاسی استحکام کی طرف لے جائیں گے۔

علی محمد خان نے مزید بتایا بانی نے کہا ہماری نشستیں 160 سے زائد ہیں، مینڈیٹ ملتا ہے تو حکومت بنا سکتے ہیں، مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں