اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک ختم کرنے کے بعد قیادت نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کے لئے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے قانونی ٹیم بھی تشکیل دی جاچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لیے اپیلیں دائر کی جائیں گی اور قانونی ٹیم ہائیکورٹ میں رہنماؤں کی نظر بندی کو بھی چیلنج کرے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نظربندی کو چیلنج اور رہائی کی اپیلیں کل دائر کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کی حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے، عمران خان
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس کی تحقیقات کے لئے سی ٹی ڈی کو کیس منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے کارروائی ہوئے مزید تین پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی تعداد 32ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک ختم کرنے اور ہفتے سے الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔