پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم ودیگر نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں پی ٹی اے کے رہنماؤں حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی ودیگر نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا اور اس سلسلے میں 13 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جو کہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
درخواست گزار کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کا اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت بلدیاتی قانون میں ترمیم کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ کے 4 ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا ہے، درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کا جاری شیڈول معطل کیا جائے۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص ڈویژن میں 26 جون کو انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔