وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والےکس منہ سے ہم پر قانون سازی سے متعلق الزامات لگاتے ہیں پی ٹی آئی دور میں 51 بل ایک ہی دن منظور کرائے گئے تھے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پی ٹی آئی نے حلقے کھلوانے کیلئے مشن کے طور پر کام کیا تھا بانی پی ٹی آئی نےکہا تھا ہمارے جیتےحلقوں پر انگلی اٹھائیں ہم کھول دیں گے۔
وزیر قانون نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ یوٹرن لیتے ہیں ان کے دور میں قانون سازی کیسےہوئی سب کوپتہ ہے کسی کے دامن پر سیاہی پھینکنے سے پہلے اپنا دامن دیکھ لیا کریں ایک ووٹ کی اکثریت سے اسٹیٹ بینک کا قانون منظور کرایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہو کر بھی دوتہائی اکثریت حاصل نہ کر سکی شبلی فراز کا دو تہائی اکثریت چھیننے کا دعویٰ غلط ہے قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے قانون سازی کا اختیار 17 لوگوں کو نہیں دے سکتے۔
اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ آئین کی تشریح کرنے اور آئین بنانے میں بہت فرق ہوتا ہے 22 کروڑ عوام کا فیصلہ 17 غیرمنتخب لوگوں کو نہیں کرنے دیں گے پارلیمنٹ کی قانون سازی کچھ غیرمنتخب لوگ ختم نہیں کر سکتے۔