کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی تی آئی) کے ویمن ونگ کی رہنما فوزیہ صدیقی کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ فوزیہ صدیقی کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے حراست میں لیا، پی ٹی آئی رہنما پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے کا الزام ہے۔
اس سے قبل، ایف آئی اے ریاست مخالف مہم اور حساس سرکاری ڈیٹا لیک کرنے والے ملزم کو اسلام ّباد میں بنی گالا سے گرفتار کیا، ملزم کی شناخت انس نواز کے نام سے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے صحافی فرحان ملک کو گرفتار کرلیا
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں بنی گالا سے گرفتار کیا گیا، انس نواز نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیٹا بیس تک غیر قانونی رسائی حاصل کی جبکہ شہریوں کے ذاتی پاسپورٹس اور اعلیٰ سرکاری شخصیات کی تصاویر شیئر کیں۔
ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ سے حساس معلومات شیئر کر کے خوف و ہراس پھیلایا، انس نواز کے خلاف مقدمہ درج، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد پر تحقیقات جاری ہے۔
بعدازاں، انس نواز کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش اور ریکوری کرنی ہے، ریمانڈ دیا جائے۔ اس پر جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ملزم کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔