اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم برقرار ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ جو فیصلہ کرنے جارہی ہے وہ بہت اہم ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔
تحریک انصاف کی جانب سے فواد چوہدری اور فیصل چوہدری ایڈوکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمارے وکیل انور منصور فلائٹ کی تاخیر کے باعث پیش نہیں ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے وہی جوابات مانگے ہیں جو الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نے پارٹی فنڈنگ کیس سے متعلق جو ریکارڈ مانگا ہم نے فراہم کر دیا ہے۔ کیا یہ بات درست ہے کہ سپریم کورٹ کیس پر فیصلہ سنانے کے موڈ میں ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ بالکل فیصلہ سنانا چاہتی ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم کچھ وقت دے کر تحریک انصاف سے پارٹی فنڈنگ کا دوبارہ ریکارڈ مانگ لیتے ہیں۔ سپریم کورٹ جو فیصلہ کرنے جارہی ہے وہ بہت اہم ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 22 جون تک ملتوی کردی۔