بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا ہے ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ سول نا فرمانی کی کال واپس نہیں ہو گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ علیمہ خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ سول نا فرمانی کی کال واپس نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا موقف ہے کہ اوور سیز ہی زرمبادلہ بھیجتے اور سرمایہ کاری کرتے ہیں جب کہ بانی نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمارے دو مطالبات میں سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے بے شک جیل میں رکھیں لیکن باقی سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں کہیں نہیں جاؤں گا اور ہاؤس اریسٹ بالکل قبول نہیں کروں گا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا آج بھی یہی کہنا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے اور اس کا ایک دور ہو چکا ہے۔ تاہم عمران خان نے حکومت کے سامنے دو مطالبات رکھے ہوئے ہیں، جن میں ایک 9 مئی اور 26 نومبر واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام اور دوسرا مطالبہ بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا ہے۔ ان مطالبات کے تسلیم نہ کیے جانے پر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔
عمران خان مطالبات نہ مانے جانے پر 21 دسمبر کو اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال دے چکے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال دے دی