کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں حقیقی آزادی لانگ مارچ کیلئے نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا ، صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع پی ٹی آئی نے کہا کہ ابتدائی طور پر شہر میں ایک مقام کو بند کیا جائے گا اور صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ احتجاج میں کارکنان کےعلاوہ فیملیز کی بھر شرکت ہوگی تاہم قیادت کی ممکنہ گرفتاری اور احتجاج کا پلان بی اور سی بھی ترتیب دیا گیا ہے۔
اسلام آباد لانگ مارچ کی سرگرمیاں براہ راست اسکرین پر دکھائی جائیں گی اور بلال غفار کراچی میں لانگ مارچ کے اجتماع کی قیادت کریں گے۔
بلال غفار نے کہا کہ ہمارے دورمیں اسلام آباد میں 5لانگ مارچ آئے جنہیں نہیں روکا گیا، 25 مئی کوعمران خان کالانگ مارچ جمہوری اورجائز ہے ، پاکستان کےعوام رجیم چینج آپریشن کوکسی قیمت پرقبول نہیں کررہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کیلئے کراچی میں بھی عوامی احتجاج کیا جائے گا، کراچی کے شہری اس انقلاب کا حصہ بننےکیلئے شریک ہوں، مارچ روکنےکی کوشش جمہوریت کاقتل کرنےکے مترادف ہوگا۔